ممبئی ، یکم اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )شیوسینا نے جموں کشمیر کے نائب وزیراعلیٰ نرمل سنگھ پربرہان وانی کے مارے جانے کو لے کر ان کے’’حادثہ‘‘والے تبصرے کیلئے آج یہ کہتے ہوئے نشانہ سادھا کہ یہ دہشت گردوں کی’’حمایت ‘‘کرنے اور سرحد پر شہید ہونے والے جوانوں کی’’توہین‘‘کے برابر ہے۔بی جے پی کی اتحادی پارٹی شیوسینا نے کہا کہ یہ تبصرہ وزیر دفاع منوہر پاریکر کو مشکل صورت حال میں ڈالے گا جنہوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ ملک کے خلاف بولنے والوں کو’’ایک سبق سکھانے ‘‘کی ضرورت ہے۔شیوسیناکے ترجمان اخبار’’سامنا‘‘میں شائع ایک اداریہ میں لکھاہے کہ پاریکر صرف لوگوں کے جذبات کااظہارکئے تھے لیکن وہ کون ہے جو ہمارے جوانوں کی حوصلہ شکنی کر رہا ہے؟۔ اگرپاکستان دہشت گرد برہان وانی کے مارے جانے پر دکھ جتایے توسمجھاجاسکتاہے۔لیکن وہ(جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ)محبوبہ مفتی تھیں جنہوں نے سب سے پہلے اس کے مارے جانے پرآنسو بہائے تھے اور اس کے بعد وہ نرمل سنگھ ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر اس کو ایک حادثہ قرار دیا۔